گلبرگہ، 29/ فروری (ایس او نیو) انجمن ترقی اردو ہند شاخ گلبرگہ کے زیر اہتمام اردو انجمن کامپلکس مین روڈ گلبرگہ میں جلسہ تفویض اردو گولڈ میڈل و تقسیم انعامات کا انعقا عمل میں آیا۔
ریاستی اور ضلعی سطح پر ایس ایس ایل سی، پی یو سی سال دوم 2019میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں گولڈ میڈل انعامات و اسناد کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔
محترمہ کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ شمال نے زویا قاضی بنت مشتاق احمد گورنمنٹ اردو ہائی اسکول ہیرے کیرورضلع ہاویری کوایس ایس ایل سی میں ریاستی سطح پر اردو میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے پر قمرالاسلام گولڈ میڈل تفویض کیا۔
صدر انجمن امجد جاوید نے سیدہ صفورہ تازئین بنت سید شکیل احمد فاران پی یو کالج گلبرگہ کو ریاستی سطح پراردو میں صدفیصد نمبرات حاصل کرنے پر انجمن اردو گولڈ میڈل تفویض کیا۔دیگر طلبا و طالبات کو بھی ان کی امتیازی کامیابیوں پر انعامات و اسناد تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پرزویا قاضی نے سخت محنت اور جدوجہد کے ساتھ آئی اے ایس بننے کا عزم ظاہر کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ماجد داغی سیکریٹری انجمن،اسدعلی انصاری،ایم اے سلیم صدیقی صدر الامین ایجوکیشنل سوسائٹی،ضیاء الدین سیکریٹری الامین،سید احمد سابق میئر،واحد علی فاتحہ خوانی سابق رکن سنڈیکیٹ،ڈاکٹر رفیق رہبرشہ نشین پر موجود تھے۔
جلسہ کے آغاز میں الحاج سید طیب علی یعقوبی نے نعت پیش کی۔ڈاکٹر افتخار اختر نائب صدر انجمن نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیئے۔